مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی نے ملک کے صوبوں، بالخصوص سرحدی صوبوں کی وسیع صلاحیتوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا وسیع رقبہ اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ وسیع روابط اس ملک کے زمینی محاصرے کو تقریباً ناممکن بنا دیتے ہیں۔
سید عباس عراقچی نے صوبائی دفاتر کے سربراہان کے سیمینار کی اختتامی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک کے صوبوں کی صلاحیتوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ایران کا زمینی محاصرہ تقریباً ناممکن ہے؛ اس کی ایک وجہ ملک کا وسیع رقبہ ہے اور دوسری وجہ صوبوں کی کثرت ہے، جن میں سے ہر ایک مختلف نوعیت کی صلاحیتیں رکھتا ہے۔
انہوں نے ایران کے صوبوں اور ہمسایہ ممالک کے سرحدی علاقوں کے درمیان وسیع روابط کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ آمدورفت کی کثرت، عوامی روابط اور سرحد کے دونوں جانب تاریخی و ثقافتی رشتوں نے ملک کے صوبوں، بالخصوص سرحدی صوبوں میں ایسی صلاحیتیں پیدا کی ہیں جن کی مدد سے ہم ان راستوں کو کھول سکتے ہیں جنہیں دشمن ہمارے لیے بند کرنا چاہتا ہے۔
عراقچی نے پابندیوں کے دباؤ کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام اداروں اور عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ دشمنوں کو پابندیاں عائد کرنے کے اقدام سے مایوس کریں۔ ان دباؤ کا مقابلہ کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ پابندیاں عائد کرنے والوں کو ان کے مقاصد کے حصول سے مایوس کر دیا جائے، تاکہ انہیں معلوم ہو جائے کہ یہ ہتھیار مؤثر نہیں ہے اور نہ ہی آئندہ مؤثر ہوگا۔
وزیر خارجہ نے ساتھ ہی تاکید کی کہ اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ وزارت خارجہ کی دوسری ذمہ داری، یعنی مذاکرات اور پابندیوں کے خاتمے کے لیے سفارتی راستے کھولنے کے عمل کو ترک کر دیا جائے۔ یہ سفارتی عمل بھی اپنی جگہ جاری ہے۔
آپ کا تبصرہ